تحصیل شاہ بندر ضلع ٹھٹھہ صوبہ سندھ کی پسماندہ ترین تحصیل ہے جہاں لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں جن میں پینے کا صاف پانی، گاؤں میں پختہ سڑکیں بجلی اور رابطہ پلیاں وغیرہ شامل ہیں ۔ ادارہ استحکام شرکتی ترقی (ایس پی او) نے ان مسائل کا ادراک کرتے ہوئے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے ساتھ مل کر سماجی تبدیلی اور ترقی کے سفر کا آغاز کیا ۔
اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ایس پی او نے شاہ بندر کی پانچ یونین کونسلز میں گاؤں اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی کے ساتھ ساتھ ان کی استعداد کاری میں بھی اضافہ کیا گیا تاکہ وہ مقامی سطح پر اپنے اپنے مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل تجویز کر سکیں ۔
ایس پی او نے مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر گاؤں کی سطح کے ترقیاتی منصوبے مرتب کیے جن میں بنیادی مسائل کی نشاندہی اور ان کو حل کرنے کی ترجیحات طے کی گئیں ۔ اس وقت تک 295 اسکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جن میں صاف پانی کی فراہمی، پختہ سڑکوں کی تعمیر، بجلی کی فراہمی بذریعہ شمسی توانائی (سولر پینلز)، نہروں اور پانی کے کھالوں پر پلیوں کی تعمیر شامل ہیں ۔ ان تمام منصوبوں میں دیہی اور مقامی تنظیموں کی شرکت کو یقینی بنایا گیا تاکہ یہ منصوبے دیرپا اور فائدہ مند ثابت ہوں ۔
زیر نظر کتابچے میں چند ایسے کامیاب منصوبوں کی مثالیں پیش کی گئی ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ منتظم سوچ، بہتر منصوبہ سازی اور شراکتی عمل سے پائیدار ترقی اور تبدیلی کے عمل کو ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔ ان کیس اسٹڈیز کو مرتب کرنے میں ایس پی او ٹھٹھہ ٹیم کا اہم کردار رہا ہے جنہوں نے نہایت دلجمعی کے ساتھ کام کیا اور مواد فراہم کیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ ادارت، تزئین و اہتمام کے لیے قمر الزماں، نصرت زہرہ اور ریاضت حسین کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں